مٹھی بھر لوگ تو یکسو بھی نظر آئے ہیں

مٹھی بھر لوگ تو یکسو بھی نظر آئے ہیں
عشق میں حرص کے پہلو بھی نظر آئے ہیں


اس کا مطلب ہے پلٹ آئیں بہاریں پھر سے
موسمی پنکھ پکھیرو بھی نظر آئے ہیں


مسکراہٹ تو اسے صاف دکھائی دی ہے
کیا مری آنکھ میں آنسو بھی نظر آئے ہیں


آپ کے جانے سے ممتاز ہوئے دوسرے لوگ
چاند ڈوبا ہے تو جگنو بھی نظر آئے ہیں


بے سبب کون اڑاتا ہے سر دشت غبار
قیس کے دیس میں آہو بھی نظر آئے ہیں