مجھے ڈھونڈنا بڑا آسان ہے
میں جلتا رہتا ہوں
دو حصوں میں
میں جینے کی کوشش نہیں کرتا
لوگ مجھے جینا چاہتے ہیں
یوں ہی بکھرے وجودوں میں
وہ مجھے چن چن کر اوڑھ لیتے ہیں
بھوکے پیٹوں بے حیات پوروں میں
کوئی لفظ نہیں ہوتا
جانے کیوں میں ان کی زبان کی گالی بن جاتا ہوں
میں ننگ نفس میں اٹھتا ہوں
بیٹھتا ہوں
کوئی غیر مرئی قوت
مجھے اپنے طبقے سے چپکائے رکھتی ہے
جب کبھی میں خود کو
ان سے
الگ کرنا چاہتا ہوں
ہمیشہ کی طرح دروازے کے باہر رہ جاتا ہوں
مجھے ڈھونڈھنا بڑا آسان ہے
مجھے ڈھونڈنے کے لئے
ہر حکمران اپنی لغت رکھتا ہے