منت سماجت اور مدارت کے بعد بھی

منت سماجت اور مدارت کے بعد بھی
ناراض ہیں وہ میری وضاحت کے بعد بھی


زندہ تھے جتنے خلقت اول سے پہلے لوگ
زندہ رہیں گے اتنے قیامت کے بعد بھی


کیسی عجیب مشکلیں ہیں جو مرے مرید
میرے مقابلے پہ ہیں بیعت کے بعد بھی


ہم سے خطا ہوئی ہے کوئی کیا بتائیے
ملتے نہیں ہیں آپ تو فرصت کے بعد بھی


نوک سناں پہ کر کے تلاوت بتا دیا
بیعت نہ لے سکو گے شہادت کے بعد بھی


میری شکست میری سمجھ سے ہے ماورا
احباب انجمن کی حمایت کے بعد بھی


میں نے کہا سنو ذرا اس نے کہا کہو
کچھ کہہ نہ پایا اتنی اجازت کے بعد بھی