مت ٹکرانا پتھر بن کر آہن ہم ہو جائیں گے

مت ٹکرانا پتھر بن کر آہن ہم ہو جائیں گے
پیار سے آ کر تم جو ملو گے گلشن ہم ہو جائیں گے


راز چھپانا چاہو تو ہم پردے کا بھی کام کریں
اور حقیقت چاہو تو پھر درپن ہم ہو جائیں گے


ہم کو دشمن مت سمجھو ہم پیار سکھاتے ہیں سب کو
جس میں بھرے ہوں پھول وفا کے دامن ہم ہو جائیں گے


خوشیوں میں رنگین بہاروں کا تم کو پیغام بھی دیں
دکھ کے موسم میں آنکھوں کا ساون ہم ہو جائیں گے


ٹھکرایا تو کانٹے بن کر راہوں میں بجھ سکتے ہیں
اپنایا تو آپ کے گھر کا آنگن ہم ہو جائیں گے


پیار کا جادو سب کے سر پر چڑھ کر پھر تو بولے گا
تم بننا کانہا کی مرلی مدھوبن ہم ہو جائیں گے


اپنا دکھ سکھ لمحہ لمحہ مل جل کر بانٹیں گے راگؔ
تم بن جانا آنکھ کے آنسو دامن ہم ہو جائیں گے