مشورہ
صبح سو کر جو اٹھو
چائے پیو اور پھر اخبار پڑھو
امن کی صفحۂ اول پہ لکھی ہیں باتیں
چند لفظوں کی حسیں سوغاتیں
قتل ہونا تھا جنہیں وہ تو سبھی قتل ہوئے
اور جو بچ گئے جو زندہ رہے قسمت سے
ایک دن ان کو بھی مرنا ہوگا
اسی رستے سے گزرنا ہوگا
دن میں مصروف رہو
پیٹ کی آگ بجھانے کے لئے
کام دفتر میں کرو
سر کو فائلوں میں کھپاؤ
اپنے افسر سے ڈرو
شام کا وقت کسی دوست کے ساتھ
چائے خانے میں بتاؤ
تبصرہ گردش دوراں پہ کرو
جائزہ وقت کا لو اور کتھا اپنی سناؤ
رات گھر لوٹو تو جینے کی دعائیں مانگو
رات کیا جانئے کیا دکھلائے
تم جو بچ جاؤ تو گھر جل جائے