کیا بتائیں زیست میں کیا کیا ہوا

کیا بتائیں زیست میں کیا کیا ہوا
جو ہوا جیسا ہوا اچھا ہوا


جب لگا سب مشکلیں حل ہو گئیں
تب نیا اک مسئلہ پیدا ہوا


ہم سے جب پوچھا گیا کوئی سوال
کہہ دیا ایسا ہوا ویسا ہوا


دل کسی صورت بہلتا ہی نہیں
آج موسم ہے ذرا بدلا ہوا


کیا کہا میں آپ کا ہوں ہم نوا
آپ کو شاید کوئی دھوکا ہوا


آئنے میں جو نظر آتا ہے وہ
ایسا لگتا ہے کہ ہے دیکھا ہوا


کیا جگر میں آگ انجمؔ لگ گئی
ہر طرف کیوں ہے دھواں پھیلا ہوا