کیا بتائیں کدھر گئے ہیں ہم
کیا بتائیں کدھر گئے ہیں ہم
ان کے دل سے اتر گئے ہیں ہم
چھوڑ کر وہ جہاں گئے ہم کو
اس جگہ پر ٹھہر گئے ہیں ہم
ہجر کاٹا ہے اس قدر ہم نے
اب محبت سے ڈر گئے ہیں ہم
غلطیاں آپ کی بھی کچھ ہوں گی
گھر اگر چھوڑ کر گئے ہیں ہم
چوٹ کھائی تھی ایک بار مگر
عمر بھر کو بکھر گئے ہیں ہم
نورؔ اب چھوڑ دی محبت بھی
ان سے کہہ دو سدھر گئے ہیں ہم