کس قدر تیز ہے شباب کی دھوپ
کس قدر تیز ہے شباب کی دھوپ
جیسے بھادوں میں آفتاب کی دھوپ
یہ نہ کہئے کہ موئے سر ہیں سفید
ہے زمانے کے انقلاب کی دھوپ
یوں جوانی گزر گئی افسوس
جیسے ڈھلتی ہے آفتاب کی دھوپ
قمر حسن واہ کیا کہنا
چاندنی ہے کہ ماہتاب کی دھوپ
کہئے غصہ نہ آئے گا آفاقؔ
گھیرے کوئی اگر جناب کی دھوپ