کیا آپ جانتے ہیں کہ کچھ پودے بھی جانوروں کو کھاتے ہیں؟
آپ یہ تو جانتے ہیں کہ جانور پودوں کو کھا جاتے ہیں۔لیکن آپ یہ سن کر حیران ہوں گے کہ بعض پودے بھی جانوروں کو کھاتے ہیں اور کچھ پودے حشرات کا شکار کرکے انہیں اپنی خوراک بناتے ہیں۔ان حشرات خور پودوں کی صف میں سن ڈیو،وینس فلائی ٹریپ،اور صراحی دار پودا(پچرپلانٹ)شامل ہیں۔
صراحی دار پودے میں صراحی نما پتے ہوتے ہیں،جن میں بارش کا پانی جمع رہتا ہے۔شکار پھانسنے کا کام پتے کے سپرد ہوتا ہے۔صراحی کے منہ پر شہد بنانے والے غدود ہوتے ہیں اور منہ سے آگے اندر کی جانب پھسلنے والا حصہ شروع ہوتا ہے۔صراحی کے پیندے میں شہد اور بارش کا پانی جمع رہتا ہے،جسے حاصل کرنے کے لیے حشرات نیچے اترتے ہیں اور ہمیشہ کے لیے پھنس جاتے ہیں۔صراحی کی اندرونی دیواروں سے رطوبتیں خارج ہوتی ہیں اور اس کو ہضم کرنے لگتی ہیں۔
سن ڈیو میں اوپر کی سطح پر دائرے کی شکل میں پتے ہوتے ہیں جن پر بہت سے بال ہوتے ہیں۔ہر بال کے سرے پر چپچپی مائع کا ایک قطرہ ہوتا ہے۔سورج کی روشنی میں یہ قطرہ شبنم کی طرح چمکتا ہے۔جب کیڑا اس چپچپی مائع پر بیٹھتا ہے تو پتے اور بال اس کے گرد حلقہ ڈال لیتے ہیں اور یوں کیڑا پھنس جاتا ہے۔