خواب آنکھوں میں جذب ہونے میں

خواب آنکھوں میں جذب ہونے میں
ہم کو مدت لگی ہے سونے میں


اس نے آنا نہیں چنا ورنہ
وقت لگتا ہے وقت ہونے میں


کیا ملا تھا کسی کو پانے سے
کیا گیا ہے کسی کو کھونے میں


دل میں دنیا بسائی ہے ہم نے
دل کی دنیا رکھی ہے کونے میں


بھول بیٹھی ہیں دیکھنے کی ادا
آنکھیں سپنے تیرے سنجونے میں


فرق سچ اور جھوٹ کا ہے فقط
شعر لکھنے میں شعر ہونے میں


کتنے دریا بہا چکیں آنکھیں
ایک چہرے کے رنگ دھونے میں