اس سیاست میں میاں آباد ہو جانے کے بعد

اس سیاست میں میاں آباد ہو جانے کے بعد
مر گئے کردار زندہ باد ہو جانے کے بعد


ہم سے اچھا کون شاعر تھا یہاں لیکن جناب
فکر و فن جاتا رہا استاد ہو جانے کے بعد


وعدہ کرتے تھے وفا جب تک پریشاں حال تھے
جانے کیوں نظریں بدل لیں شاد ہو جانے کے بعد


ناگواری ہے تجھے ماں باپ کے انداز سے
سب سمجھ آ جائے گا اولاد ہو جانے کے بعد


عشق تم سے ہو گیا تو قبر اپنی کھود لی
اور ہم کرتے بھی کیا فرہاد ہو جانے کے بعد


کیا ہمارے خواب تھے دور غلامی میں بلالؔ
کس طرف ہم چل دیے آزاد ہو جانے کے بعد