اس لئے تیز بھاگتا ہوں میں
اس لئے تیز بھاگتا ہوں میں
اپنے پیچھے پڑا ہوا ہوں میں
گھپ اندھیرے میں روشنی کی طرح
اس کی آنکھوں سے گر رہا ہوں میں
مجھ کو غم تو نہیں جدائی کا
یہ مروت میں رو رہا ہوں میں
یاد کرنا بھی اس کو چھوڑ دیا
آخری چال چل چکا ہوں میں
میری باتیں مذاق میں مت لے
زندگی تجھ سے کچھ بڑا ہوں میں
مجھ سے وہ صلح کرنے والا تھا
اور ناراض ہو گیا ہوں میں
دشت اس بات پر بہت خوش ہے
اس کے حصے میں آ گیا ہوں میں
باتیں ہونے لگی ہیں میرے خلاف
یعنی محفل سے جا چکا ہوں میں