حواس و ہوش سے بیگانہ ہونا بھی ضروری ہے

حواس و ہوش سے بیگانہ ہونا بھی ضروری ہے
کبھی انسان کا دیوانہ ہونا بھی ضروری ہے


یہ آنکھیں کس لیے پھر اور دی ہیں دینے والے نے
چراغ حسن کا پروانہ ہونا بھی ضروری ہے


کچھ اس عنوان سے پھیلے کہ مقبول دو عالم ہو
حقیقت کے لئے افسانہ ہونا بھی ضروری ہے


نہیں بے کیف صہبا ٹھیک دنیا سے گزر جانا
ہلاک گردش پیمانہ ہونا بھی ضروری ہے


بغیر اس کے جنوں کی عظمتوں پر تبصرہ کیسا
منورؔ کے لئے فرزانہ ہونا بھی ضروری ہے