ہر اک کے تجربے سے مختلف ہے تجربہ میرا

ہر اک کے تجربے سے مختلف ہے تجربہ میرا
نہ کیوں سب سے الگ ہو زندگی پر تبصرہ میرا


نہیں معلوم کتنی مرتبہ مرنا پڑا مجھ کو
جئے جانا مرا ہر حال میں ہے معجزہ میرا


مری ہستی نہیں محدود ہرگز چند لمحوں تک
ازل سے تا ابد جاری رہے گا سلسلہ میرا


یہ مجھ سے مشورہ کیوں ہے مری قسمت کے بارے میں
تمہارا فیصلہ جو ہے وہی ہے فیصلہ میرا


منورؔ پہلے اپنے ذوق پر تنقید فرما لیں
مرے احباب ناحق لے رہے ہیں جائزہ میرا