ہمارا گھر

پیار وفا کے دیپ جلائیں
گھر کو اپنے سورگ بنائیں
کھیلیں کودیں اور مسکائیں
دیکھ کے خوش ہوں جس کو مائیں
پہلا مکتب گھر ہے ہمارا
درس اسی سے ہم سب پائیں
جس سے ملیں پھل علم کے ہم کو
اس میں ایسے پودے لگائیں
پہلے ماں اور باپ سے سیکھیں
پھر سب کو آداب سکھائیں
جو بھی ہمارے گھر میں آئے
پیار سے اس کو دل میں بٹھائیں
بات کریں ہم میٹھی میٹھی
لفظوں کے ہم پھول کھلائیں
اپنے ہوں یا بیگانے ہوں
سب کو اپنا دوست بنائیں
خوش ہوں گے ماں باپ ہمارے
آؤ ہم ایسے بن جائیں
اور پھر اس کے آگے چل کر
دیش پجاری ہم کہلائیں
نام ہو روشن جس سے گھر کا
ایسے سندر دیپ جلائیں