ہاتھوں کی بے رنگ لکیریں پڑھ لینا

ہاتھوں کی بے رنگ لکیریں پڑھ لینا
خون میں ڈوبی کچھ تحریریں پڑھ لینا


کالی جلدوں والے روشن مکتب سے
حق کے حرف کی کچھ تنویریں پڑھ لینا


مرنے والا آنکھ کھلی کیوں رکھتا ہے
ان مٹ خوابوں کی تعبیریں پڑھ لینا


نیلامی میں بیچ رہے ہو رشتوں کو
گھر کی زینت تھیں تصویریں پڑھ لینا


سود و زیاں پر شہر ستم کے کیا حیرت
غاصب کی جھوٹی تعزیریں پڑھ لینا


سحر سکوت سے سیماؔ جب باہر نکلو
سرکش لفظوں کی تحریریں پڑھ لینا