غزل کیا ہے

ہے غزل میں زندگی سے گفتگو
کہتے ہیں اردو کی ہے یہ آبرو
ہاں غزل میں عاشقی کا عکس ہے
میکدے کی روشنی کا عکس ہے
شعر اس کے یاد رکھے جاتے ہیں
بچو یہ ہر اک کے دل کو بھاتے ہیں
میرؔ و غالبؔ کی غزل مشہور ہے
اس میں عشق و فلسفہ کا نور ہے
ہے غزل ہندی میں ایرانی میں ہے
اک نشہ سا اس کے شعروں ہی میں ہے
شعر غزلوں کا ہر اک آزاد ہے
حسن اور حکمت سے جو آباد ہے
نظم پر بچو غزل بھاری ہوئی
اس کی شہرت بڑھ رہی ہے آج بھی
بن کے کیوں بچوں کا شاعر ہی رہوں
اب غزل حافظؔ کوئی اچھی کہوں