ڈائری کا ایک خالی صفحہ

میں دیکھ رہا ہوں
ایک فلم جس میں
لوگوں کی نیند
کسی نے چرا لی ہے


میں کھینچ رہا ہوں
ایک یاد جس میں
گھنگھرو میرے
پاؤں سے علاحدہ
کر لئے گئے


میں ڈھونڈ رہا ہوں
ایک نئی نوکری
جس میں مجھے
پارٹ ٹائم میں
محبت کرنے
کی اجازت ہو


میں چھوڑ رہا ہوں
ڈایری کا ایک خالی صفحہ
جس پر کوئی بھی
کچھ بھی لکھ سکتا ہے


میں چن رہا ہوں
وہ پتھر جو عورتوں
کو سنگسار کرتے
ہوئے بچ جاتے ہیں


میں بھول رہا ہوں وہ شخص
جو مجھے تحفے میں
اپنی دیوار دے کر مر گیا


میں پھینک رہا ہوں
اپنا نام اس راستے
پر جہاں سے کل
میرا جنازہ گزارا
جائے گا


میں ڈرا کر رہا ہوں
ایک پہاڑ جس پر سے کود
کر میں اپنی جان
دے دوں گا