دام کا خوف بھی پرواز بڑھا دیتا ہے

میں
اگر جاں کی اماں پاؤں
تو کچھ عرض کروں
بے سبب آپ جو رہتے ہیں پریشان سے کچھ
جیب میں رکھتے ہیں
تعزیر کے سامان سے کچھ
حبس میں تازہ ہواؤں کو چنا کرتے ہیں
فاختاؤں کے لیے
جال بنا کرتے ہیں
میں تو حیران ہوں
کیا آپ کو اندازہ نہیں
خوش نمو
حبس زمیں سے بھی نمو لیتا ہے
دام کا خوف بھی
پرواز بڑھا دیتا ہے