چوہوں کا شہر

چوہوں نے اک شہر بسایا
بے حد عالی شان
اپنے شہر کا نام انہوں نے
رکھا چوہستان


چوہستان کا نام سنا تو
خالد اور عرفان
اک دن اک بلی کو لے کر
پہنچے چوہستان
دیکھ کے بلی کو چوہوں کے
خطا ہوئے اوسان
بھاگ گئے جب سارے چوہے
چھوڑ کے چوہستان


لے کر خوش خوش گھر کو لوٹے
خالد اور عرفان
چوہستان کے گوداموں میں
تھا جو بھی سامان