بارش کے بعد مٹی سے سوندھی خوشبو کیوں آتی ہے؟

              بارشوں کے موسم میں پہلی بوند پڑتے ہی ماحول مٹی کی سوندھی سوندھی خوشبو سے مہک اٹھتا ہے جو ہر شخص کو مسحور کر دیتا ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ بارشوں کے موسم میں مٹی سے یہ خوشبو کیوں آتی ہے؟

            بارش کے موسم میں فضا میں پھیل جانے والی یہ سوندھی خوشبو سائنسی زبان میں "پیٹرو-کو" یا "پیٹری کور" (petrichor)کہلاتی ہے۔

      یہ خوشبو دراصل ایک بیکٹیریا کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے جسے "ایکٹی نومو سیٹیس"(Actinomycetes) کہا جاتا ہے۔ اس بیکٹیریا اس وقت مٹی میں نمو پاتا ہے جب اسے نمی اور حرارت ملتی ہے۔ جب زمین کی مٹی خشک ہوتی ہے تو یہ بیکٹیریا غیر فعال رہتا ہے اور اس وقت انھیں "اسپورز"  (spores) کہا جاتا ہے۔

            بارشوں کے موسم میں ان کی ہلکی جسامت کی وجہ سے ہوا اور بارش کا پانی انھیں آسانی سے فضا میں اچھال دیتا ہے۔ اس کے بعد یہ پوری فضا میں پھیل جاتے ہیں اور نم ہوا کی وجہ سے ان کی میٹھی خوشبو ہمیں بھی محسوس ہوتی ہے۔ یہ عمل چونکہ زیادہ تر بارشوں کے موسم میں ہی انجام پاتا ہے اس لیے اس خوشبو کو ہم بارش سے منسوب کرتے ہیں۔

            اب آپ کو یقیناََ معلوم ہو گیا ہو گا کہ بارش کی یہ مخصوص خوشبو دراصل مٹی سے نہیں بلکہ بیکٹیریا کی وجہ سے پھیلتی ہے۔  

متعلقہ عنوانات