بہار بن کے چمن کی فضا میں شامل ہے

بہار بن کے چمن کی فضا میں شامل ہے
یہ کس کے جسم کی خوشبو ہوا میں شامل ہے


کبھی ملا نہ کوئی گفتگو ہوئی جس سے
وہ کون ہے جو مری ہر دعا میں شامل ہے


میں جتنا بچ کے چلوں اتنا کھینچتا ہے مجھے
عجب طلسم تمنا خطا میں شامل ہے


سنے گا وہ تو یقیناً جواب بھی دے گا
یہ کیسا ڈر ہے جو میری صدا میں شامل ہے


علاج کے لئے بیمار اب کہاں جائیں
کہ ایک زہر یہاں ہر دوا میں شامل ہے


بنے گی بات بھلا کس طرح وہاں معصومؔ
انا کا رنگ جہاں التجا میں شامل ہے