عقل و دانش میں کسی سے نہیں کمتر ہم لوگ

عقل و دانش میں کسی سے نہیں کمتر ہم لوگ
وقت واقف ہے کہ ہیں کتنے قد آور ہم لوگ


کیسے ڈر جائیں گے دھمکی سے تری اے ناداں
کیا تو واقف نہیں ہیں کتنے دلاور ہم لوگ


ہم مسلمان ہیں اور پڑھتے ہیں حق کا کلمہ
ساری دنیا کے تقابل میں ہیں برتر ہم لوگ


گرچہ مفلس ہیں مگر دولت دیں رکھتے ہیں
دیکھ کر ہم کو نہ سمجھیں کہ ہیں کمتر ہم لوگ


سامنے لشکر باطل تھا ہزاروں کا مگر
ڈٹ گئے حق کے لئے بس تھے بہتر ہم لوگ


مشورہ بونوں کو یہ ہے کہ سدا حد میں رہیں
اور بھولیں نہ کہ ہیں کتنے قد آور ہم لوگ


سازشیں ہم کو ڈبونے کی رچاتا ہے عدو
اے ذکیؔ کہہ دو کہ ہیں خوب شناور ہم لوگ