الم زندگی میں کما کر تو دیکھو

الم زندگی میں کما کر تو دیکھو
نظر آنسوؤں سے سجا کر تو دیکھو


کھڑے ہوں گے شانہ بہ شانہ تمہارے
ہمیں تم کبھی آزما کر تو دیکھو


تمہاری گلی میں لگی رونقیں ہیں
سر بام اک بار آ کر تو دیکھو


تمہیں بھی جواباً محبت ملے گی
محبت سے دل میں سما کر تو دیکھو


میں آئینہ ہوں سچ کہوں گا ہمیشہ
مجھے میری رہ سے ہٹا کر تو دیکھو


مجھے روشنی کا سہارا بہت ہے
مجھے ظلمتو تم مٹا کر تو دیکھو


پہن لی ہے عادلؔ نے دستار الفت
ذرا ہاتھ اس کو لگا کر تو دیکھو