عکس جمال یار کی تاثیر دیکھنا

عکس جمال یار کی تاثیر دیکھنا
دل بن گیا ہے حسن کی تصویر دیکھنا


آئی ہے پھر چمن سے ہوائے جنوں نواز
شاید ہے پھر نصیب میں زنجیر دیکھنا


پھر دل کو ہے کشاکش حسرت سے واسطہ
پھر دل ہے وقت کاوش تدبیر دیکھنا


پھر ابتلائے عشق کی جرأت ہوئی مجھے
پھر ہے فغاں کو حسرت تاثیر دیکھنا


پھر جذب آزما ہے دل بے قرار شوق
پھر ہے خروش نالۂ شب گیر دیکھنا


پھر عجز شوق نے انہیں مغرور کر دیا
پھر تمکنت ہوئی ہے عناں گیر دیکھنا


پھر کشمکش سے ضبط کی گھبرا چلا ہے دل
پھر چاہتا ہوں آہ کی تاثیر دیکھنا


پھر رو رہا ہوں عشرت ماضی کی یاد میں
پھر ہوں اسیر گردش تقدیر دیکھنا


پھر ہو رہی ہے ان سے تصور میں گفتگو
پھر ہوں میں محو لذت تقریر دیکھنا


قسمت میں میری کوئی خوشی کی گھڑی بھی ہے
اے واقفان نوحۂ تقدیر دیکھنا


رزمیؔ ہے دل میں پھر ہوس امتحان شوق
پھر چاہتا ہوں برش شمشیر دیکھنا