کھانے پینے کے اسلامی آداب، بچوں اور بڑوں سب کے لیے

کھانے سے پہلے ہاتھ دھو لیجئے طہارت اور نظافت کا تقاضا ہے کہ کھانے میں پڑنے والے ہاتھوں کی طرف سے طبیعت مطمئن ہو۔

بسم اللہ الرحمن الرحیم پڑھ کر کھانا شروع کیجیےاور اگر بھول جائیں تو یاد آنے پر بسم اللہ اولہ و آخرہ کہہ دیجئے ۔جس کھانے پر خدا کا نام نہیں لیا جاتا اس کو شیطان اپنے لیے جائز کر لیتا ہے۔

کھانے کے لئے ٹیک لگا کر نہ بیٹھیے،خاکساری کے ساتھ اکڑوں بیٹھیے یا دو زانو ہو کر بیٹھیے یا ایک گٹھنا بچھا کر اور ایک کھڑا کر کے بیٹھیے خدا کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم اسی طرح بیٹھتے تھے۔

ہمیشہ سیدھے ہاتھ سے کھائیے، ضرورت پڑنے پر بائیں ہاتھ سے بھی مدد لے سکتے ہیں۔

تین انگلیوں سے کھائیے۔ اور اگر ضرورت ہو تو پانچویں انگلی چھوڑ کر چار انگلیوں سے کام لیجئے۔ انگلیاں جڑوں تک بھرنے سے پرہیز کیجئے۔

نوالہ نہ زیادہ بڑا لیجئے اور نہ زیادہ چھوٹا۔ ایک نوالہ نگلنے کے بعد ہی دوسرا نوالہ منہ میں دیجئے۔

روٹی سے انگلیاں ہرگز صاف نہ کیجئے۔یہ بڑی گھناؤنی عادت ہے۔

روٹیوں کو جھاڑنے اور پٹخنے سے بھی پرہیز کیجئے۔

پلیٹ میں اپنی طرف کے کنارے سے کھائیے، نہ بیچ میں ہاتھ ڈالیں اور نہ دوسروں کی طرف سے کھائیے۔

نوالہ گر جائے تو اٹھا کر صاف کر لیجئے یا دھو لیجئے اور کھا لیجیے۔

کھانا مل جل کر کھائیے، مل جل کر کھانے سے الفت و محبت بھی پیدا ہوتی ہے اور برکت بھی۔

کھانے میں کبھی عیب نہ نکالیے پسند نہ ہو تو چھوڑ دیجیے۔

بہت گرم جلتا ہوا کھانا نہ کھایے۔

کھانے کے دوران بہت زیادہ باتیں کرنے سے بھی پرہیز کیجیے۔

بلاضرورت کھانے کو نہ سونگھیے ،یہ بری عادت ہے۔کھانے کے دوران نہ باربار اس طرح منہ کھولئے کہ چبتا ہوا کھانا نظر آئے۔اور نہ بار بار منہ میں انگلی ڈال کر دانتوں میں سے کچھ نکالیے اس سے دستر خواں پر بیٹھنے والوں کو گھن آتی ہے۔

کھانا بھی بیٹھ کر کھائیے اور پانی بھی بیٹھ کر پیجیے البتہ ضرورت پڑنے پر پھل وغیرہ کھڑے ہو کر کھا سکتے ہیں اور پانی بھی پی سکتے ہیں۔

پلیٹ میں جو کچھ رہ جائے اگر رقیق ہو تو پی لیجیے ورنہ انگلی سے چاٹ کر پلیٹ صاف کرلیجیے۔

کھانے پینے کی چیزوں پر پھونک نہ ماریے اندر سے آنے والی سانس گندی اور زہریلی ہوتی ہے۔

پانی تین سانس میں ٹھہر ٹھہر کر پیجیے اس سے پانی بھی ضرورت کے مطابق پیا جاتا ہے اور آسودگی بھی ہو جاتی ہے اور یکبارگی پورے برتن کا پانی پیٹ میں انڈیل لینے سے کبھی کبھی تکلیف بھی ہو جاتی ہے۔

اجتماعی کھانے میں دیر تک کھانے والوں اور آہستہ کھانے والوں کی رعایت کیجیے اور سب کے ساتھ اٹھیے۔

کھانے سے فارغ ہو کر انگلیاں چاٹ لیجیے اور پھر ہاتھ دھو لیجیے۔

پھل وغیرہ کھا رہے ہوں تو ایک ساتھ دو دو عدد یا دو دو قاشیں نہ اٹھائیے۔

لوٹے کی ٹوٹی یا اسی طرح کی دوسری چیزوں سے پانی نہ پیجیے ایسے برتن میں پانی لے کر پیجیے جس میں پیتے وقت منہ میں جانے والا پانی نظر آئے تاکہ کوئی گندگی یہ مضر چیز پیٹ میں نہ آجائے۔

کھانے سے فارغ ہو کر یہ دعا پڑھیے۔

الحمد الذی اطعمنا وسقانا وجعلنا من المسلمین

متعلقہ عنوانات