اچھی کتاب
دوستوں میں سب سے اچھا دوست ہے اچھی کتاب
آ بتا دوں کیسی ہوتی ہے عطاؔ اچھی کتاب
ہر قدم پر نیک و بد کا فرق بتلاتی ہے یہ
ہر قدم کو سیدھی سچی راہ دکھلاتی ہے یہ
دین و دنیا کا ہمیشہ ہم کو دیتی ہے سبق
روشنی ہی روشنی دیتا ہے اس کا ہر ورق
سیکھتی ہے اس سے دنیا کامرانی کا ہنر
یہ عطا کرتی ہے سب کو زندگانی کا ہنر
سہل ہو جاتی ہیں اس سے وقت کی باریکیاں
دور کرتی ہے یہ سب کے ذہن کی تاریکیاں
زندگی کے امتحاں میں حوصلہ دیتی ہے یہ
چاہنے والوں کو اونچا مرتبہ دیتی ہے یہ
اس کی صحبت سے فروزاں آج شمع اعتبار
اس کی الفت سے درخشاں آج حسن اختیار
زندگی پاتی ہے اس سے آپ خود اپنی خبر
زندگی پاتی ہے اس سے اک مقام معتبر
بخشتی ہے یہ بصارت اور بصیرت بھی ہمیں
تاکہ دکھلائی پڑے شے کی حقیقت بھی ہمیں
یہ ہمیں بتلاتی ہے ہم کیا ہیں اور دنیا ہے کیا
یہ ہمیں بتلاتی ہے رب کون ہے عقبیٰ ہے کیا
اس کے دامن میں ہیں پنہاں ہر زمانے کے علوم
اس کے آنگن میں ہیں رقصاں چاند سورج اور نجوم
اس کے جلوے سے ہویدا معرفت کی دولتیں
نور سے اس کے ہوا انسان کا عرفاں ہمیں
اس کے دم سے ہم پہ واضح عقدۂ مرگ و حیات
اس کے دم سے ہم پہ روشن ہے جہان کائنات
اس قدر جامع مکمل ہیں عطاؔ اس کی صفات
کب ہے ممکن پیش کرنا اے عطاؔ اس کی صفات