اب دل میں آرزوؤں کے آثار دیکھنا

اب دل میں آرزوؤں کے آثار دیکھنا
ویرانیوں میں شہر نمودار دیکھنا


کون آ گیا چراغ کی لو کس نے تیز کی
شعلے سے ہو گیا ہے کسے پیار دیکھنا


دو اشک چشم ناز کی دنیا بدل گئے
اک برگ گل پہ اوس کی مقدار دیکھنا


منصور اک گرفت میں منصور ہو گیا
بندہ نوازیٔ رسن و دار دیکھنا


یہ کون جھانکتا ہے دریچے سے بار بار
لو دے رہا ہے سایۂ دیوار دیکھنا


دامن سے دور رہ گیا ہاتھ آفتاب کا
اس آنے والی صبح کی رفتار دیکھنا


آئی جو گرد راہ تو دامن جھٹک دیا
آوارگان شوق کا کردار دیکھنا


تم کو اگر نہ ہو کوئی احساس کمتری
نازشؔ کی چشم شوق کا معیار دیکھنا