ذاکر پیارے

سارے وطن کے راج دلارے
صدر حکومت ذاکر پیارے
بھارت ماں کی آنکھ کے تارے
صدر حکومت ذاکر پیارے
بنیادی تعلیم کے بانی
حب وطن کی زندہ کہانی
علم کے دریا امن کے دھارے
صدر حکومت ذاکر پیارے
معمولی استاد سے بڑھ کر
بن گئے سارے ملک کے رہبر
غم سے کبھی ہمت ہی نہ ہارے
صدر حکومت ذاکر پیارے
دیکھ کے تیری جہد مسلسل
چھٹ گئے خود ہی دکھ کے بادل
پھول بنے غم کے انگارے
صدر حکومت ذاکر پیارے
گاندھی جی کے راز کے محرم
اور جواہر لال کے ہمدم
امن و اماں کے پالن ہارے
صدر حکومت ذاکر پیارے
آزادی کے دیپ جلائے
تو نے وطن سے دور بھگائے
عہد غلامی کے اندھیارے
صدر حکومت ذاکر پیارے
مشترکہ تہذیب کے مظہر
عجز و خلوص اخلاق کے پیکر
سب کی امیدوں کے سہارے
صدر حکومت ذاکر پیارے
تو ہے وطن کا رہبر سچا
کیوں نہ وطن کا بچہ بچہ
نام ترا عزت سے پکارے
صدر حکومت ذاکر پیارے