چاند

چاند پہلے بھی خوب صورت تھا
آج بھی چاند خوب صورت ہے
لوگ کہتے ہیں چاند کے اندر
ہر طرف ہے مہیب ویرانی
ہر قدم پر بھڑکتے جوالا مکھی
ہر طرف ریت کی فراوانی
ایک بھی چیز فائدے کی نہیں
کیا ہوا کیا اناج کیا پانی
چاند باطن میں بد نما ہی سہی
ظاہراً اک حسین مورت ہے
چاند پہلے بھی خوب صورت تھا
آج بھی چاند خوب صورت ہے
لوگ کہتے ہیں چاند کے اندر
ہر طرف اک گھنا اندھیرا ہے
یہ تو سورج سے روشنی لے کر
صورت آئنہ چمکتا ہے
دنیا والوں کے واسطے لیکن
اب بھی یہ اک حسین جلوہ ہے
چاند کی پہلے بھی ضرورت تھی
آج بھی چاند کی ضرورت ہے
چاند پہلے بھی خوب صورت تھا
آج بھی چاند خوب صورت ہے