ارادے

کسی دن چاند پر ہم لوگ بھی راکٹ سے جائیں گے
یہ مانا چاند ابھی اک ریت کا میدان ہے لیکن
کسی دن جا کے ہم اس کو حسیں جنت بنائیں گے
کسی دن چاند پر ہم لوگ بھی راکٹ سے جائیں گے
یہ مانا چاند پر اس وقت آبادی نہیں لیکن
کسی دن ہم وہاں جا کر نئی بستی بسائیں گے
کسی دن چاند پر ہم لوگ بھی راکٹ سے جائیں گے
یہ مانا چاند ابھی بد صورت و بد شکل ہے لیکن
کسی دن ہم اسے دنیا سے بھی دل کش بنائیں گے
کسی دن چاند پر ہم لوگ بھی راکٹ سے جائیں گے
یہ مانا چاند پر ہر سمت ہیں جوالا مکھی لیکن
کسی دن ہم وہاں پر پیار کی کلیاں کھلائیں گے
کسی دن چاند پر ہم لوگ بھی راکٹ سے جائیں گے
یہ مانا چاند اندر سے بہت تاریک ہے لیکن
کسی دن ہم وہاں پر امن کی شمعیں جلائیں گے
کسی دن چاند پر ہم لوگ بھی راکٹ سے جائیں گے
یہ مانا چاند پر ہر سمت ہیں ویرانیاں لیکن
کسی دن ہم وہاں جا کر بہت دھومیں مچائیں گے
کسی دن چاند پر ہم لوگ بھی راکٹ سے جائیں گے
یہ مانا چاند پر جانا ابھی بے کار ہے لیکن
وہ دن بھی آئے گا جب ہم وہاں پکنک منائیں گے