یاد کے دریچوں میں جھانکتا تو ہوگا وہ

یاد کے دریچوں میں جھانکتا تو ہوگا وہ
رات بھر مرے غم میں جاگتا تو ہوگا وہ


آنسوؤں کے سوتے جب خشک ہو گئے ہوں گے
آنکھ میں مجھے بھر کے دیکھتا تو ہوگا وہ


کھو گئی جو راتوں میں اس اداس صورت کو
صبح کے اجالے میں ڈھونڈھتا تو ہوگا وہ


نقش نا مکمل سے بت تراشتا ہوگا
توڑ کر اسے پھر سے جوڑتا تو ہوگا وہ


عشق کی امانت کو درد کی دیانت کو
عقل کے ترازو میں تولتا تو ہوگا وہ