اس سے خوابوں میں سامنا ہوگا
اس سے خوابوں میں سامنا ہوگا
ہجر کا لطف دو گنا ہوگا
کچھ اجالے بھی ساتھ رکھ لینا
دشت دنیا بہت گھنا ہوگا
اس کو کچھ دیر دیکھنے کے لئے
پہلے ہر اور دیکھنا ہوگا
وہ بھی دنیا کے طور سیکھ گیا
یعنی اب اس کو چھوڑنا ہوگا
اس نے پوچھی ہے میری خیر و خبر
اب مجھے جھوٹ بولنا ہوگا