تاج محل بنائیں گے
چاند ستاروں کی دنیا میں اک دن ہم بھی جائیں گے
ننھی منی پیار کی دنیا مل کر وہاں بسائیں گے
سونے چاندی کی اینٹوں کو ڈھونڈ کے لائیں گے تاج محل بنوایں گے
چندا ماما کی نگری میں پھول کہاں سے آئے گا
رونق اپنے تاج محل کی آخر کون بڑھائے گا
اپنے دیس سے ہم پھولوں کو چن چن کر لے جائیں گے تاج محل بنوایں گے
دیس میں چندا کے ملتے ہیں اے امی کیا یہ بھی پھل
جامن کیلا آم سپاٹو نارنگی کٹہل برہل
ملتے ہیں تو کہہ دو ورنہ آخر ہم کیا کھائیں گے تاج محل بنوایں گے
پانی تو مل ہی جائے گا اس کی کوئی فکر نہیں
ہوگا اس پیاری دنیا میں بادل کا بھی دیس کہیں
کھود کے نہریں بادل ہی کو اس میں لا بیٹھائیں گے تاج محل بنوایں گے
صبح سویرے کوئل کوئی گیت وہاں بھی گاتی ہے
پھولوں کی ڈالی پہ چڑیا بیٹھ کے پھر اڑ جاتی ہے
جب یہ چیز نہیں تو آخر لطف وہاں کیا پائیں گے تاج محل بنوایں گے
اپنے دیس کی پیاری چیزوں کا ملنا جب مشکل ہے
دیس میں چندا کے جو جائے سمجھو اس کو جاہل ہے
چھوڑ کے ساری دنیا کو ہم اپنا دیس بسائیں گے تاج محل بنوایں گے