اسپورٹس کارنر : تیس دسمبر

سب سے پہلے ڈومیسٹک کرکٹ:

خیبرپختون خواہ  ایک بار پھر بن گئی  قائد اعظم ٹرافی کی چیمپئن !!!

خیبرپختون خواہ نے رات قائد اعظم ٹرافی کے پانچویں اور آخری دن ناردرن کو 169 رنز سے ہرا کر قائد اعظم ٹرافی کا فائنل جیت لیا اور اس ٹورنامنٹ کا کامیابی سے دفاع کیا۔

فائنل میچ کے مین آف دی میچ رہے خیبرپختون خواہ کے کپتان افتخار احمد جنہوں نے اس میچ میں شاندار سنچری سکور کی۔

ٹورنامنٹ کے بہترین بلے باز بنے ناردرن کے نوجوان اوپنر محمد ہریرہ جنہوں نے 986 رنز بنائے، جس میں ایک شاندار ٹرپل سنچری بھی شامل تھی۔

مین آف دی سیریز کا خطاب ملا ایک اور نوجوان آل راؤنڈر مبصر خان کو، جنہوں نے 30 وکٹس اور 458 رنز بنائے اس ٹورنامنٹ میں۔

اور بہترین گیند باز رہے اس ٹورنامنٹ کے ساؤتھ پنجاب کے باؤلر علی عثمان جنہوں نے اس ٹورنامنٹ میں 43 وکٹیں حاصل کیں۔

انڈر 19 ایشیا کپ سیمی فائنلز:

آج انڈر 19 ایشیا کپ میں دونوں سیمی فائنلز کھیلے جانے والے  ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا آمنے سامنے ہوں گی دُبئی میں۔

جب کہ  انڈیا کو سامنا کرنا ہے بنگلہ دیش کا ،شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں اور یہ   دونوں میچ پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے دس  بجے شروع ہوں گے۔

سنچورین ٹیسٹ:

ساؤتھ افریقہ  بمقابلہ انڈیا سنچورین ٹیسٹ کے آخری دن انڈیا کو چاہئیں  6 وکٹس اور ساؤتھ افریقہ کو بنانے ہوں گے مزید 211 رنز اگر یہ میچ جیتنا ہے تو۔

میچ کا رزلٹ تو یقیناً نظر آ رہا ہے اگر میچ میں بارش نے مداخلت نہ کی تو، کیوں کہ آج میچ کے آخری دن کے پہلے سیشن میں 50 فی صد بارش کے امکانات ہیں، دوسرے سیشن میں 70 فی صد اور تیسرے سیشن میں بہت کم چانسز ہیں بارش کے۔

میچ اگر شروع ہوتا ہے تو دونوں ٹیموں کے لئے برابری کے مواقع ہیں ساؤتھ افریقہ کے لئے پورا دن ہے جیسے مرضی کھیلیں اور انڈیا کو صرف 6 کھلاڑی آؤٹ کرنے ہیں جو اس ابر آلود موسم میں کوئی زیادہ مشکل کام نہیں۔ اس لئے آخری دن بظاہر  انڈیا  ہی کا پلڑا بھاری ہے ۔

ایشز سیریز سڈنی ٹیسٹ:

انگلینڈ کی ٹیم سڈنی پہنچ گئی ہے چوتھا ٹیسٹ کھیلنے کے لئے لیکن اُن کی ٹیم سے جُڑی خبریں اچھی نہیں آ رہیں، نہ  میدان سے اور نہ ہی میدان کے باہر سے۔

کئی کرونا کیسز اب تک سامنے آ گئے ہیں انگلینڈ کی ٹیم،  آفیشلز اور فیملی سے، لیکن اُمید یہی کی جا رہی ہے کہ سڈنی ٹیسٹ اپنے وقت اور سکیجوئل کے مطابق  کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی ٹی ٹونٹی پلئیر آف دی ائیر:

آئی سی سی نے چار نام فائنل کر لئے ہیں اس سال کے ٹی ٹونٹی پلئیر آف دی ائیر کے لئے اور وہ چار نام ہیں یہ۔ محمد رضوان (پاکستان)، مچل مارش (آسٹریلیا)، ونیندو ہسارنگا  (سری لنکا) اور  جوز بٹلر (انگلینڈ)

ہمارے محمد رضوان اس اعزاز کے لئے فیورٹ ہیں، اگر چہ کہ حالیہ ٹی ٹوئنٹی  ورلڈ کپ میں لا جواب کارکردگی دکھانے والے مچل مارش بھی میدان مار سکتے ہیں ۔

روز ٹیلر ریٹائرمنٹ:

نیوزی لینڈ کے لیجنڈری پلئیر ، روز ٹیلر حالیہ بنگلہ دیش سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے بعد ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔ یہ عندیہ خود  انہوں نے  اپنے تازہ ترین ٹویٹ میں دیا ہے۔

اگر ٹیلر دونوں ٹیسٹ میچ کھیل جاتے ہیں تو وہ ڈینیل ویٹوری کے بعد دوسرے ایسے پلئیر بن جائیں گے جنہوں نے نیوزی لینڈ کی طرف سے 112 ٹیسٹ کھیلے ہوں، سٹیفن فلیمنگ اس لسٹ میں دوسرے نمبر پر ہیں اُنہوں نے 111 ٹیسٹ کھیلے تھے نیوزی لینڈ کی طرف سے۔ روز ٹیلر اس سیریز میں دو ٹیسٹ میچز کھیلیں گے اور اس کے بعدآسٹریلیا اور ہالینڈ کے خلاف چھ ون ڈے انٹر نیشنل میچز کھیل کر ہر طرز کی  بین الاقوامی کرکٹ کو خیر باد کہہ دیں گے۔

انگلش پریمئیر لیگ:

رات کھیلے گئے میچ میں چیلسی اور بریگٹن کا میچ ایک ایک گول سے برابر ہو گیا اور مانچسٹر سٹی نے برینٹ فورڈ کو ایک صفر سے شکست دے دی، میچ کا واحد گول فل فوڈن نے پہلے ہاف میں کیا۔

اس طرح پوائنٹس ٹیبل پر مانچسٹر سٹی نے چیلسی سے ، جو کہ دوسرے نمبر پر ہے ، آٹھ پوائنٹس کا فاصلہ بنا لیا ہے 20 میچ کھیل کر۔

لیورپول 41 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے لیکن اُس نے اب تک 19 میچز کھیلے ہیں۔

متعلقہ عنوانات