چار جنوری: کھیلوں کا خبر نامہ

 

سب سے پہلی خبر پاکستانی کرکٹ سے جُڑی، اور پھر چند مزید خبریں کرکٹ سے۔۔۔

محمد حفیظ کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ:

کل محمد حفیظ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، اس بارے تقریباً سبھی دوستوں نے لکھا، حفیظ کے ریکارڈز بتائے، خدمات گنوائیں اور اُس کے بے باک مؤقف کا بتایا کہ وہ کس طرح کرکٹ کو کرپٹ کرنے والے عناصر کے سامنے ایک مضبوط دیوار اور توانا آواز تھی۔

میں بس اتنا ہی اضافہ کروں گا کہ محمد حفیظ کرکٹ بال کے بہترین ٹائمر تھے، جب لے میں ہوتے تو ایفرٹ لیس کرکٹ کھیلتے، جسے دیکھ کر ہمیشہ ہی مزہ آیا۔

اور ہم ایک اچھے کرکٹر کو پہلی اننگ مکمل کرنے پر دُعاؤں کے ساتھ رُخصت کرتے ہیں کہ وہ اپنی دوسری اننگ میں اور زیادہ کامیاب ہوں۔ آمین

ساؤتھ افریقہ بمقابلہ انڈیا، جوہانسبرگ ٹیسٹ:

جوہانسبرگ ٹیسٹ کا پہلا دن ساؤتھ افریقہ کے نام رہا، انڈیا کی باری 202 رنز پر محدود کی ساؤتھ افریقہ نے اور پھر جوابی باری میں 1 وکٹ کے نقصان پر 35 رنز بنا لئے۔

انڈین مڈل آرڈر کی  بیٹنگ ایک بار پھر ناکام ہوئی، پُجارا اور رہانے کی بیٹنگ کو لے کر انڈین میڈیا میں بحث جاری ہے، انڈین بیٹنگ شارٹ پِچ باؤلنگ پر بھی ایکسپوز ہوئی کیوں کہ سات کھلاڑی اسی طرح کی بالز پر آؤٹ ہوئے۔

میچ سے پہلے انڈیا کے لئے بُری خبر یہ تھی کہ اُن کے کپتان ویرات کوہلی انجری کی وجہ سے اس ٹیسٹ میں شامل نہیں تھے اور اُن کی جگہ کے ایل راہول اس میچ میں کپتانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، کے ایل راہول انڈین ٹیسٹ کرکٹ کے 34 ویں کپتان بنے ہیں۔

یہاں انڈین لوئیر مڈل آرڈر بیٹنگ کی تعریف بنتی ہے ۔خاص طور پر روی چندرن ایشون کی جنہوں نے نچلے نمبروں پر کھیلتے ہوئے ایک بار پھر قیمتی 46 رنز جوڑے جس کی وجہ سے انڈیا کا سکور 200 کا ہندسہ پار کر سکا، انڈیا کی سینا ممالک  (یعنی ساؤتھ افریقہ ، انگلینڈ ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا) میں کامیابی کا راز اُن کی فاسٹ باؤلنگ کی شاندار کارکردگی کے ساتھ ساتھ لوئیر آرڈر کی بہترین بیٹنگ کو بھی سمجھا  جاتا ہے۔

نیوزی لینڈ بمقابلہ بنگلہ دیش، ماؤنٹ موگنی ٹیسٹ:

ماؤنٹ موگنی ٹیسٹ کے چوتھے دن بنگلہ دیشی بلے بازوں نے 130 رنز کی اچھی  برتری حاصل کر لی ہے، اس کے لئے مومن الحق 88 رنز، لٹن داس 86 رنز، محمد الحسن جوئے 78 رنز، نجم الحسن شانتو 64 رنز اور مہدی حسن کی 47 رنز کی باری کی تعریف بنتی ہے جنہوں نے کیویز باؤلرز کا جوان مردی سے سامنا کیا اور اچھی اننگز کھیلیں۔

جوابی بیٹنگ میں نیوزی لینڈ دوسری اننگ میں مشکلات کا سامنا کر رہی ہے، کپتان لیتھم اور پہلی اننگ کے سنچری میکر ڈیون کونوے آؤٹ ہو چُکے ہیں اور آخری اطلاعات کے مطابق نیوزی لینڈ نے بنا لئے ہیں 2 وکٹ کے نقصان پر 82 رنز۔

ول ینگ 38 پر اور اپنا سیکنڈ لاسٹ میچ کھیلنے والے روس ٹیلر 11 رنز ناٹ آؤٹ ہیں، بنگلہ دیش کے لیڈ اب بھی 48 رنز کی باقی ہے۔
جب کہ چوتھے  دن کے اختتام پر  نیو زی لینڈ نے پانچ وکٹس کھو  کر صرف 17 رنز کی برتری حاصل کی ہے۔

کیا بنگلہ دیشی ٹیم وہ کرنے جا رہی ہے جو حالیہ برسوں میں انڈیا، انگلینڈ، پاکستان، ساؤتھ افریقہ اور ویسٹ انڈیز بھی نہ کر سکیں؟

یا یہ میچ کوئی اور رُخ اختیار کرے گا کیوں کہ بنگلہ دیش، ماضی میں  ایک بار  نیوزی لینڈمیں کھیلتے ہوئے کیویز  کے خلاف  پہلی اننگ میں 595 رنز بنا کر بھی میچ ہار چُکی ہے۔۔۔

ایشز سیریز، سڈنی ٹیسٹ:

ایشز سیریز کا چوتھا ٹیسٹ یعنی کہ سڈنی ٹیسٹ کل سے شروع ہوں ے جا رہا ہے۔  آسٹریلیا کی ٹیم ایک تبدیلی کے ساتھ اس میچ میں شرکت کرے گی، ٹریوس ہیڈ کی جگہ عثمان خواجہ شامل ہوں گے۔

انگلینڈ کی ٹیم کیا ہوگی ابھی کچھ پتہ نہیں، جوئے روٹ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپنی کپتانی کے متعلق یہ ضرور کہا ہے کہ وہ ایشز سیریز کے بعد اس بات کا فیصلہ کریں گے۔

فٹبال لیگز:

بڑی خبر کوپا ڈی فرانس سے، پی ایس جی نے وینز کو چار صفر سے شکست دے کر نئے سال کی شروعات شاندار طریقے سے کی ہیں، کل جب یہ پتہ چلا کہ چار کھلاڑی میسی سمیت کرونا زدہ ہیں پی ایس جی کہ تو یہ بڑا جھٹکا تھا پی ایس جی کے لئے ۔لیکن رات کھیلے گئے کوپا ڈی فرانس کے ایک میچ میں پی ایس جی نے بہترین کارکردگی دکھائی۔

میچ کی خاص بات دنیا  کے سب سے ویلیوایبل کھلاڑی کلیان امباپے کی شاندار ہیٹرک تھی، وہ اس  نئے سال میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے فٹبالر بن گئے ہیں، اُنہوں نے 59 ویں، 71 ویں اور 76 ویں منٹ میں شاندار گول کئے۔

دوسری بڑی خبر ہے انگلش پریمئیر لیگ سے جہاں مانچسٹر یونائیٹڈ اپنا میچ وولفز سے ہار گئی ہے، وولفز نے ایک صفر سے جیت درج کی ہے مانچسٹر یونائیٹڈ کے خلاف، مانچسٹر یونائیٹڈ اب 31 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے ٹیبل پر اور اب بھی ٹاپ 4 میں پہنچنے کے لئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے، جو فٹبال لیگز کو فالو کرتے ہیں وہ یہ بات بخوبی  سمجھتے ہیں کہ پریمئیر لیگ میں ٹاپ 4 کی کیا اہمیت ہے۔

متعلقہ عنوانات