اسپورٹس کارنر: ستائیس دسمبر

کھیلوں کی دنیا سے  خبرنامہ، مورخہ ستائیس دسمبر ، دو ہزار اکیس

 انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان آج اپنے گروپ کا آخری میچ کھیلے گی  یو اے ای سے۔  جبکہ  انڈیا کا میچ ہوگا افغانستان سے۔ کھیلوں کی دنیا سے آج کی اہم ترین خبر یہ ہے کہ  پاکستان گروپ اے میں دونوں میچ جیت کر ٹاپ پر ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان نےروائتی حریف بھارت کوسنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری گیند پر شکست دے دی تھی۔

گروپ بی میں بنگلہ دیش اور سری لنکا نے اپنے اپنے دونوں میچ جیتے ہیں اور کل ان دونوں ٹیموں کا آپسی میچ ہونا ہے جس سے گروپ بی کا بھی سر فہرست ملک  ابھر کر سامنے آ جائے گا۔

 

سنچورین ٹیسٹ کا پہلا دن پوری طرح انڈیا کے نام رہا، پہلے دن کھیل کے اختتام تک انڈیا نے بنائے 272 رنز 3 وکٹ کے نقصان پر۔

کے ایک راہول کی شاندار سنچری، وہ 122 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں اور اُن کا ساتھ دے رہے ہیں اجنکیا رہانے 40 رنز بنا کر۔

اس سے پہلے اوپنر میانک اگروال نے بھی ہاف سنچری بنائی تھی، چتیشور پُجارا اور کپتان ویرات کوہلی ایک بار پھر بڑی اننگ نہیں کھیل پائے، پُجارا صفر پر اور کوہلی 35 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

 

میلبورن ٹیسٹ کا پہلا دن ایک بار پھر انگلینڈ کے لئے ڈراؤنا خواب ثابت ہوا، پوری ٹیم 185 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

شروعاتی جھٹکے دئیے کپتان پیٹ کمنز نے اور آخر میں تباہی پھیری آف سپنر نیتھن لیون نے، دونوں نے تین تین کھلاڑی آؤٹ کئے۔

کپتان رُوٹ نے بنائے 50 رنز اور جونی بئیر سٹو 35 رنز بنا کر دوسرے ہائی ایسٹ سکورر بنے انگلینڈ کی باری کے، جوابی بیٹنگ میں آسٹریلیا نے دن کے اختتام تک 61 رنز بنا لئے تھے 1 وکٹ کھو کر۔

آج کے پہلے سیشن میں انگلینڈ نے کم بیک ضرور کیا اور 3 وکٹ حاصل کئے لیکن لنچ کے بعد مارکس ہیرس اور ٹریوس ہیڈ نے سنبھل کر بیٹنگ کی، بہر حال ، اب صورت حال یہ ہے کہ  آسٹریلیا کی پوری  ٹیم 267 رنز بنا کر پویلین لوٹ چکی ہے، اور یوں اسے پہلی اننگ میں انگلینڈ پر قیمتی 82 رنز کی برتری حاصل ہے۔ انگلینڈ کی جانب سے کہنہ مشق ، تجربہ کار باؤلر ، جیمز اینڈرسن نے آسٹریلیا کے چار اہم مہرے سرکائے۔

اسی میچ کے متعلق کل کوئی اچھی خبریں نہیں آ رہی تھیں، انگلینڈ کے خیمے میں کل 4 پوزیٹیو کیس تھے کوویڈ 19 کے لیکن آج صبح یہ حوصلہ افزاء خبر آئی کہ دوبارہ ٹیسٹ کرنے پر وہ کیسز نیگٹیو آئے ہیں، لیکن انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ آج دن کے اختتام پر پھر ساری ٹیم کا دوبارہ ٹیسٹ کیا جائے گا۔

 

انگلش پریمئیر لیگ میں کل رات گولوں کی جھڑی لگ گئی، اتحاد سٹیڈیم میں مانچسٹر سٹی اور لیسٹر سٹی کے میچ میں 9 گول ہوئے، مانچسٹر سٹی نے لیسٹر سٹی کو 3 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دی۔

آرسنل نے ناروچ سٹی کے خلاف 5 گول داغے ناروچ سٹی کوئی گول نہ کر سکی، ایک اور میچ میں ٹوٹنہم نے کرسٹل پیلس کو تین صفر سے شکست دی، ساؤتھمپٹن نے ویسٹ ہام یونائیٹڈ کو 2 کے مقابلے میں 3 گولوں سے ہرایا، چیلسی نے آسٹن ولا کو 1 کے مقابلے میں 3 گولوں سے شکست دی۔

رات کھیلے گئے آخری میچ بریگٹن نے برینٹ فورڈ کو دو صفر سے ہرایا۔

ٹوٹنہم اور کرسٹل پیلس کے میچ کی شروعات میں کرسٹل پیلس کو اُس وقت جھٹکا لگا جب اُن کے کوچ،  فرانس کے سابقہ کپتان پیٹرک ویرا،  کوویڈ پازیٹیو آ گئے اور انہوں نے خود کو آئیسولیٹ کر لیا، اچھی بات یہ ہوئی کہ میچ اپنے ٹائم پر ہوا۔

متعلقہ عنوانات