سوچتا ہوں کہ دل زار کا مطلب کیا ہے

سوچتا ہوں کہ دل زار کا مطلب کیا ہے
ایک ہنستے ہوئے بیمار کا مطلب کیا ہے


آپ کہتے ہیں کہ دیوار گرا دی جائے
آپ کی نظروں میں دیوار کا مطلب کیا ہے


آخری فیصلہ تم اپنے مطابق لو گے
پھر مری حامی یا انکار کا مطلب کیا ہے


سنگ دل لوگوں سے کیا اپنی طبیعت کہتے
کسی دیوار سے گفتار کا مطلب کیا ہے


اٹھ کے جا سکتے ہیں ہم ایسوں کے سائے سے آپ
ہم سمجھتے ہیں کہ اشجار کا مطلب کیا ہے


پہلے پہلے تو فقط ضبط کے امکان رہے
رفتہ رفتہ کھلا اظہار کا مطلب کیا ہے


میں کہ چپ ذات تھا سو شعر کہا کرتا تھا
پوچھ لیتی تھی وہ اشعار کا مطلب کیا ہے