سلین فگرز

کولمبیا کے دور دراز دیہاتوں میں
کوکین کی کاشت سے پابندی اٹھا دی گئی ہے
شمالی پرتگال کی سرخ ماؤں کے سپنے
سنہرے تمباکو کے کھیتوں میں جوان ہوتے ہیں
چیری کے جنگلوں کی عقبی سمت سے
نیلے پرندے کے سر جھٹکنے سے پہلے
بانس کی پٹری پر
ہوا کی ریل غصے بھری سیٹی بجاتی ہے
بھیڑوں کے محافظ کتے کی نیند خراب ہوتی ہے
وقت کی وادی میں سوئی ہوئی
صدی کے وحشی ہونٹوں کو
مفرور لمحہ چوم سکتا ہے
جیک ڈینیئلز کا مسخ شدہ لیبل
بوتل کی راکھ سونگھتا ہے
کاسنی محبوبہ کی برہنہ پیٹھ پر
سرمئی ناول کا ہاتھ رینگتا ہے
ضبط کی دیوار میں پیوستہ
شیلف کی چھاتی پر اوندھے منہ پڑے
پیلے اور بوسیدہ مسودوں سے
جسم کی رومانویت کو جاتا رستہ
جس کی ساکن آغوش میں
نظم کے سگریٹ زدہ ہونٹوں سے گرتی
نقرئی جھریوں کے لاشے اونگھ رہے ہیں
سارے منظر کو ایک الماری گھور رہی ہے
پنکھے کی بھنبھناہٹ سو رہی ہے