سستی شہرت حاصل کرنے کوچوں میں چوباروں میں
سستی شہرت حاصل کرنے کوچوں میں چوباروں میں
کھوٹے سکے اچھلے اچھلے پھرتے ہیں بازاروں میں
ہیں کچھ ایسے لوگ جو اپنے پیسوں سے چھپواتے ہیں
اوروں کے کاندھوں پہ چڑھ کر تصویریں اخباروں میں
بھوکی ننگی جنتا کب تک پیٹ کا ڈھول بجائے گی
بولو بابو کچھ تو بولو کیا رکھا ہے نعروں میں
بہتا پانی پھول کنول کے ساتھ بہا لے آتا ہے
امن کی آشا ناؤ بنی ہے دریاؤں کے دھاروں میں
خسروؔ اک آسیب کے ڈر سے گھر کا گھر سب کیل دیا
پھر بھی اک آسیب ہے زندہ جسم کی ان دیواروں میں