صلّے علیٰ کہیے

نعتِ رسولِ مقبول ﷺ

 

رسولِ پاکﷺ کا رتبہ جدا ، صلّے علٰی کہیے

یہی پیغام فرمانِ خدا ، صلّے علٰی کہیے

 

زمانہ لاکھ ہو مدِّ مقابل ، راہ میں حائل

یہی آتی رہے پیہم صدا ، صلّے علٰی کہیے

 

وفا ، اخلاص ، اخلاق و صفا کا بھرم باقی ہے

سلامت ہے زمانے کی ردا ، صلّے علٰی کہیے

 

حضورِ پاکﷺ کی حرمت پہ مَیں قربان ہو جاؤں

نبیﷺ پر جان ہو میری فدا، صلّے علٰی کہیے

 

خرد بے دست و پا، خاموش،کم مایہ ،تہی دامن

رہے دیوانگی کا حق ادا ، صلّے علٰی کہیے

 

وہ خود حمّاؔد، فرما کر گئے ہیں لا نبی بعدی

ہُوا ہے ختم اُن پر سلسلہ ، صلّے علیٰ کہیے

متعلقہ عنوانات