سب سے اچھا دیس ہمارا

کالی کالی اس کی گھٹائیں
ٹھنڈی ٹھنڈی اس کی ہوائیں
پیاری پیاری اس کی فضائیں
بانکی بانکی اس کی ادائیں
سب سے اچھا دیس ہمارا
سب سے پیارا دیس ہمارا
اجلی اجلی نہریں جاری
نرمل جل کی شوبھا نیاری
پیارے اس کے سب نر ناری
واری اس پر جان ہماری
سب سے اچھا دیس ہمارا
سب سے پیارا دیس ہمارا
صبح کا منظر پیارا پیارا
سورج جیسے لال انگارے
چندرماں کچھ اور بھی نیارا
موتی ہیرا اک اک تارا
سب سے اچھا دیس ہمارا
سب سے پیارا دیس ہمارا
گرمی اور سردی کی بہاریں
برکھا رت کے مینہ کی پھواریں
پھولوں کی رنگین قطاریں
دریاؤں کی دودھ سی دھاریں
سب سے اچھا دیس ہمارا
سب سے پیارا دیس ہمارا
خطہ اک کشمیر یہاں ہے
خوبی اس کی سب پہ عیاں ہے
ایسا خطہ اور کہاں ہے
دنیا میں یہ باغ جناں ہے
سب سے اچھا دیس ہمارا
سب سے پیارا دیس ہمارا
آؤ دیس پہ تن من واریں
دیس کی حالت دل سے سدھاریں
دیس کے ہر طبقے کو ابھاریں
نیرؔ پھر مل کر پکاریں
سب سے اچھا دیس ہمارا
سب سے پیارا دیس ہمارا