روز مرغا بنا کرے کوئی
روز مرغا بنا کرے کوئی
کب تک آخر پٹا کرے کوئی
جب کہیں نوکری نہیں ملتی
ڈگریاں لے کے کیا کرے کوئی
مجھ کو ریڈنگ سے سخت نفرت ہے
میں سنوں اور پڑھا کرے کوئی
جس میں آتی ہو بو تعصب کی
ایسی تاریخ کیا کرے کوئی
جن میں جنگ و جدل کے قصے ہوں
وہ کتب کیوں پڑھا کرے کوئی
غیر ملکی زبان انگلش کو
خوا مخواہ کیوں رٹا کرے کوئی
نہیں امید کامیابی جب
امتحاں دے کے کیا کرے کوئی
خوب انصاف ہے کہ درجے میں
میں پٹوں اور خطا کرے کوئی
کب تک آخر بغیر سمجھے ہوئے
فارمولے رٹا کرے کوئی
کیفؔ آتا نہیں جواب خدا
خط کہاں تک لکھا کرے کوئی