راز الفت بتا گیا کوئی

راز الفت بتا گیا کوئی
مجھ کو جینا سکھا گیا کوئی


میرے دل میں سما گیا کوئی
اجڑی بستی بسا گیا کوئی


اپنا جلوہ دکھا گیا کوئی
نور و نکہت لٹا گیا کوئی


کشت ویراں تھی زندگی میری
رشک جنت بنا گیا کوئی


ایک عالم ہے وجد میں گویا
ایسا نغمہ سنا گیا کوئی


ہم بھی قائل تھے ضبط کے لیکن
کھوئے ایسے کہ پا گیا کوئی


مست رہتا ہوں بے پیے صابرؔ
مجھ کو ایسی پلا گیا کوئی