قالین
یہ مانا بہت خوب صورت ہے لیکن
یہ قالین پھر بھی نہ میں لے سکوں گا
بہت نرم ہے اور جاذب نظر بھی
کہ نازک سے پھولوں نے اس کو بنا ہو
ذرا اس کے ان سرخ رنگوں کو دیکھو
کہ گالوں کی سرخی ہو جیسے نچوڑی
یہ گولائی یہ نقش اور زاویے سب
بہت نرم ہاتھوں سے جیسے بنے ہوں
یہ اس کے کناروں کی رنگین جھالر
کہ معصوم خوابوں کی کوئی لڑی ہو
ذرا اس مہارت کا عالم تو دیکھو
سبھی رنگ یکجا ہیں پھر بھی جدا ہیں
بہت ہی مناسب ہے قیمت بھی اس کی
یہ قالین پھر بھی نہ میں لے سکوں گا
میں معصوم بچوں کا قاتل نہیں ہوں