پابندئ اوقات دعا کس کے لیے ہے
پابندئ اوقات دعا کس کے لیے ہے
راتوں کی عبادت کا صلہ کس کے لیے ہے
ہیں کس کے لیے مدھ بھری آنکھوں کے اشارے
گلنار سے ہونٹوں کی فضا کس کے لیے ہے
ہم لوگ دعا دیں گے تری زلف سیہ کو
معلوم ہو یہ شہر سبا کس کے لیے ہے
کیا نام ہے اس شخص جواں بخت کا اے دوست
خلوت کی یہ دھیمی سی صدا کس کے لیے ہے
خوابوں کے طرب زار میں یہ کون ملا تھا
تنہائی میں تو نغمہ سرا کس کے لیے ہے
آرائش و تزئیں کا خیال آیا ہے کب سے
ہاتھوں پہ یہ تحریر حنا کس کے لیے ہے
کون آئے گا خوابوں کے دھندلکوں سے ترے پاس
آنکھوں میں یہ پیغام وفا کس کے لیے ہے
اے پردہ نشیں شرم و حیا خوب ہے لیکن
آخر وہ تری شوخ ادا کس کے لیے ہے
اتنا تو بتا دے ترے معصوم سے دل میں
یہ محشر جذبات بپا کس کے لیے ہے