نظر میں سب کی مری بے خودی کا عالم ہے

نظر میں سب کی مری بے خودی کا عالم ہے
کسے خبر کہ بڑی بے بسی کا عالم ہے


عجیب شے ہے یہ نیرنگئ زمانہ بھی
کسی کا کوئی نہیں ہے کسی کا عالم ہے


میں اب حقیقت دنیا سمجھ گیا شاید
خود اپنے آپ سے بیگانگی کا عالم ہے


ہر ایک دیکھ رہا ہے مرے تبسم کو
کسے خبر جو مری زندگی کا عالم ہے


مجھے عزیز ہے اب یوں رئیسؔ ناکامی
سنا ہے غم سے گزر کر خوشی کا عالم ہے