خود اپنی ذلت و خواری نہ کرنا
خود اپنی ذلت و خواری نہ کرنا
کسی کم ظرف سے یاری نہ کرنا
اگر تم شاد رہنا چاہتے ہو
کسی کی بھی دل آزاری نہ کرنا
اگر توفیق ہو سچ بولنے کی
تو اپنی بھی طرف داری نہ کرنا
تمہیں ہم جانتے پہچانتے ہیں
کبھی ہم سے اداکاری نہ کرنا
کسی کے ساتھ کر لینا عبادت
ہر اک کے ساتھ مے خواری نہ کرنا
نہ گر جانا رئیسؔ اپنی نظر سے
کبھی توہین خودداری نہ کرنا