نہیں کہ دشت کو ہجرت زیادہ مشکل ہے

نہیں کہ دشت کو ہجرت زیادہ مشکل ہے
گھروں میں اس سے بھی وحشت زیادہ مشکل ہے


نتیجہ اخذ کیا پے بہ پے شکستوں سے
کہ دشمنی سے محبت زیادہ مشکل ہے


اگرچہ تخت نشینی بھی کوئی سہل نہیں
مگر دلوں پہ حکومت زیادہ مشکل ہے


حیات کاٹنے والوں کو یہ نہیں معلوم
کہ اس سے اگلی مسافت زیادہ مشکل ہے


عقیلؔ ڈالے تھے ہتھیار سب سے آخر میں
ہمارے ساتھ رعایت زیادہ مشکل ہے