مطالبہ
بس یہ نہیں حسین و خوش اطوار چاہیے
لڑکی حسین صورت گلنار چاہیے
کرتے ہیں آپ اگر مری شادی کی بات چیت
فہرست سے نہ جرأت انکار چاہیے
سنئے بغور نکلے جو میری زبان سے
شادی سے پیشتر مجھے اک کار چاہیے
پھر اس کے ساتھ ساتھ یہ لازم ہے آپ کو
اچھا ڈرائیور کوئی ہشیار چاہیے
شادی کے بعد ہی مرے رہنے کے واسطے
اک خوش نما فلیٹ بھی تیار چاہیے
خدمت کو میری چند ملازم بھی ہوں ضرور
بلڈاگ ایک شیر سا خونخوار چاہیے
ہر سال میرے نام سے چندہ بھرا کریں
پڑھنے کے واسطے مجھے اخبار چاہیے
شادی کے بعد ختم نہ ہوگا یہ سلسلہ
یعنی تمام عمر یہ بیوہار چاہیے